اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کے جوابی حملے کے رد عمل میں ایران عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس ایرانی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا بہترین موقع ہے، یہ حکومت آج جتنی کمزور ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج رات میں ایران کے باوقار عوام سے مخاطب ہوں، ہم نے تاریخ کی سب سے بڑی فوجی کارروائیوں میں سے ایک ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کا آغاز کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اسلامی حکومت جس نے آپ کو تقریباً 50 سال سے دبا کر رکھا ہے اور اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکی دیتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اس آپریشن کا مقصد اسلامی حکومت کے ایٹمی اور بیلسٹک میزائل خطرے کو ناکام بنانا ہے اور جب ہم اپنا مقصد حاصل کر رہے ہیں تو ساتھ ہی آپ کے مقصد (یعنی آزادی) کی راہ بھی ہموار کر رہے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے اعلیٰ فوجی کمانڈرز، سینئر نیوکلیئر سائنسدانوں کو شہید کرچکے ہیں اور اسلامی حکومت کی سب سے اہم افزودگی کی تنصیب، اور ان کے بیلسٹک میزائل کے بڑے حصے کو تباہ کردیا ہے جب کہ مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
’تاہم، ایران کی اس حکومت کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ اس پر کیا بیت چکی ہے اور آگے کیا بیتنے والا ہے‘، یہی موقع ہے کہ ایرانی عوام کھڑے ہوں اور اپنی آواز بلند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل کی قومیں برسوں سے دوست رہی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ایرانی عوام اپنے پرچم اور تاریخی ورثے کے گرد متحد ہوکر ایک ظالم اور جابر حکومت کے خلاف آزادی کے لیے کھڑے ہوں، یہ حکومت آج جتنی کمزور ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ جیسا کہ میں متعدد بار کہہ چکا ہوں کہ اسرائیل کی جنگ آپ سے نہیں، بلکہ اس مشترکہ دشمن سے ہے، ایک ایسی حکومت سے جو آپ دباتی بھی ہے اور آپ کو معاشی طور پر بھی تباہ کرتی ہے۔
مزید کہا کہ ، میں آپ کے ساتھ ہوں، اسرائیل کے عوام آپ کے ساتھ ہیں۔